کراچی (10 اکتوبر 2025) — جامعہ کراچی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں یونیورسٹی پوائنٹ کی زد میں آکر سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کی طالبہ انیقہ سعید جاں بحق ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ ڈاکٹر محمود حسن لائبریری کے سامنے پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق طالبہ پوائنٹ کے پچھلے دروازے سے اتر رہی تھیں کہ اسی دوران پوائنٹ ریورس ہوئی اور وہ پچھلے پہیوں تلے آ گئیں۔ فوری طور پر زخمی طالبہ کو اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
حادثہ صبح 9 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ پولیس نے پوائنٹ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا، تاہم متوفیہ کے اہل خانہ کے شور شرابے کے بعد ڈرائیور کو رہا کر دیا گیا۔ اہل خانہ نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
واقعے کے بعد طلبہ و طالبات نے جامعہ کراچی میں شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی ناقص اور بوسیدہ پوائنٹس طلبہ کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہیں۔
احتجاجی طلبہ نے مطالبہ کیا کہ خستہ حال پوائنٹس کو فوری طور پر بند کیا جائے اور انیقہ سعید کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
