ملزم بچوں اور بچیوں سے زیادتی کرنے، نازیبا ویڈیوز بنا کربلیک میل کرنے میں ملوث تھا، ملزم کے موبائل سے زیادتی کی متعدد ویڈیوز بھی برآمد ہوئی تھیں؛ ترجمان سی سی ڈی
فیصل آباد صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں کمسن بچوں سے زیادتی کا ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق سی سی ڈی ٹیم ملزم کو برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی کہ اس دوران ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ شروع کردی اور انہوں نے ملزم کو پولیس حراست سے چھڑوا کر فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر فائرنگ کے تبادلے میں ملزم مارا گیا لیکن اس کے ساتھی فرار ہوگئے، مارا جانے والا ملزم بچوں اور بچیوں سے زیادتی کرنے، نازیبا ویڈیوز بنا کربلیک میل کرنے میں ملوث تھا، ملزم کے موبائل سے زیادتی کی متعدد ویڈیوز بھی برآمد ہوئی تھیں۔
دوسری طرف لاہور میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا ملزم ساتھی سمیت پولیس مقابلے میں مارا گیا، لاہور کے علاقہ مناواں میں پولیس اور خطرناک اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا مرکزی ملزم فراست علی اپنے ساتھی جون شاہ سمیت ہلاک ہو گیا، دونوں ڈاکو پولیس کو کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔
سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ اس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان کی جانب سے فائرنگ شروع کردی گئی، مقابلے کے دوران ایس ایچ او عاطف ذوالفقار بال بال بچ گئے، ملزمان کی فائر کی گئی گولیاں ان کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے جب کہ مرکزی ملزم فراست علی چند روز قبل لاہور کے علاقے غازی آباد میں بزرگ خواتین کے کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار ہو گیا تھا، جس کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لیا اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔





