غیر قانونی قرض ایپ چلانے والا گروہ گرفتار

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

لاہور (16 ستمبر 2025): گلبرگ کے علاقے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک کارروائی میں غیر قانونی قرض ایپ چلانے والے گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ سے غیر قانونی قرض ایپ چلانے والے ایسے گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے جو شہریوں کو بلیک میل کر رہا تھا، ملزمان میں ذوہیب، عمر غفار، اسد اصغر، اعظم الحق اور غیر ملکی لی ینگ شامل ہیں۔

پکڑے گئے ملزمان قرض کے نام پر موبائل ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لیتے تھے، اور شہریوں کو وی او آئی پی سافٹ ویئر سے ایپ ڈاؤن لوڈ کروا کر اُن کا ڈیٹا چوری کیا جاتا تھا، ایپ سے صارف کے موبائل کانٹیکٹس اور گیلری تک رسائی حاصل کر لی جاتی تھی۔

سائبر کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان قرض کی عدم ادائیگی پر نجی معلومات پھیلانے کی دھمکی دے کر شہریوں کو بلیک میل کرتے تھے، یہ ایپلیکیشن دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی تھی۔

ایجنسی کے مطابق ملزمان نے گلبرگ میں ایک عمارت میں 3 فلورز پر دفاتر بنا رکھے تھے، جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف یہ کارروائی غیر قانونی رسائی، ڈیٹا چوری اور مالیاتی فراڈ کی دفعات کے تحت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے 6 ماہ قبل ایک نیا ادارہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے نام سے تشکیل دیا گیا ہے۔

Exit mobile version