’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ قرض کی دوسری قسط کب ملے گی؟ اہم خبر!

0
pakalerts
pakalerts

لاہور (6 جنوری 2026): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم کے تحت رجسٹرڈ افراد کے لیے خوشخبری سنا دی ہے۔ اسکیم کے دوسرے مرحلے کی قسط جاری کرنے کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے 2024 میں صوبے کے غریب اور متوسط طبقے کو اپنا گھر فراہم کرنے کے لیے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبہ متعارف کروایا تھا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹس دیے گئے اور گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض کی پہلی قسط جاری کی گئی تھی۔

اب وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے کی دوسری قسط فوری طور پر جاری کی جائے تاکہ گھروں کی تعمیر کا عمل تیز ہو سکے۔ یہ ہدایات انہوں نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 700 گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ انہیں بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 52 شہروں میں 204 ارب روپے کے ترقیاتی اور مرمتی منصوبے 22 فروری تک شروع کر دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت کی اور لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو جلد مکمل کرنے جبکہ دوسرے مرحلے کو 30 اپریل تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ سات شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

Exit mobile version