اسلام آباد (6 جنوری 2026): پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں متحدہ عرب امارات کی جانب سے تین ارب ڈالر کے قرضے کو رول اوور کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ نے یو اے ای سے قرض کی مدت میں توسیع کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور جنوری کے وسط تک تین ارب ڈالر کا قرض رول اوور ہونے کی توقع ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف صدرِ یو اے ای شیخ محمد بن زاید بن النہیان کو باقاعدہ خط لکھیں گے جس میں وہ تین ارب ڈالر کے قرض کو موجودہ شرائط پر رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای نے اس وقت اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں مجموعی طور پر تین ارب ڈالر بطور ڈیپازٹ رکھے ہوئے ہیں جو بیلنس آف پیمنٹ کو سہارا دینے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یو اے ای کا ایک ارب ڈالر کا قرض 17 جنوری کو، دوسرا ایک ارب ڈالر 23 جنوری کو جبکہ تیسرا ایک ارب ڈالر جولائی 2026 میں میچور ہو رہا ہے۔ حکومت پاکستان تینوں اقساط کو رول اوور کرانے کی درخواست کرے گی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ یو اے ای کے سیف ڈیپازٹس پر شرح سود 6.5 فیصد سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
