راولپنڈی (9 اکتوبر 2025) — سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں ایک انتہائی اہم اور کامیاب آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 جوانوں کی شہادت میں ملوث تمام 30 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا، جس میں بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کے جنگجوؤں کے ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا، جو 8 اکتوبر کو ہونے والے اس حملے میں ملوث تھے جس میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 بہادر جوان مادرِ وطن پر قربان ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر سرچ آپریشن جاری ہے، جب کہ دہشتگردوں کے کیمپس اور اسلحہ کے ذخیرے کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے عزم دہرایا ہے کہ وہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور کسی بھی دشمن قوت یا ان کے سہولت کاروں کو امن و استحکام متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو اورکزئی میں ہونے والے IBO کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا تھا۔
اس کارروائی کو پاکستان کی انسدادِ دہشتگردی کی حالیہ تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
