پی آئی اے نے کینیڈا کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کے حوالے سے مسافروں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ قومی ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سے کینیڈا جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر 27 ستمبر تک بند رہیں گی۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ مسافروں کو ان کی بک شدہ پروازوں پر مستقبل میں ایڈجسٹ کیا جائے گا جبکہ مزید معلومات کے لیے پی آئی اے کے کال سینٹر سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایئرلائن حکام کے مطابق پروازیں طیاروں کے گراؤنڈ ہونے اور پرزہ جات کی عدم فراہمی کی وجہ سے معطل کی گئی ہیں۔ یہ پروازیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے آپریٹ ہونی تھیں۔
پروازوں کی معطلی کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک مسافر نے بتایا کہ کراچی سے ٹورنٹو کی 16 ستمبر کی پرواز اب 7 اکتوبر کے لیے ری شیڈول کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی ملازمت پر بروقت واپس نہیں پہنچ سکے گا۔
ذرائع کے مطابق طیاروں کی کمی کی وجہ سے نہ صرف کینیڈا بلکہ پی آئی اے کی دیگر انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پروازیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جس سے مجموعی طور پر فضائی آپریشن دباؤ کا شکار ہے۔
