مدینہ منورہ (6 اکتوبر 2025): خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد قبلتین کو 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عدالعزیز نے دور نبوی ﷺ کے اہم واقعہ کی حامل مسجد قبلتین کو 24 گھنٹہ کھلا رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
سعودی فرماں رواں کے اس حکم نامہ پر گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبد العزیز نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت اللہ کے گھروں پر ہمیشہ خصوصی توجہ اور مسلسل دیکھ بھال کرتی ہے اور زائرینِ حرمین کے لیے خدمات میں بہتری کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ یہ ہدایت در اصل اس خصوصی اہتمام کا تسلسل ہے جو سعودی عرب اللہ کے گھروں کے لیے رکھتی ہے جن میں سرفہرست حرمین شریفین ہیں۔
گورنر مدینہ منورہ نے یقین دلایا کہ مسجد قبلتین کی خدمت اور آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے بھرپور کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
مسجد قبلتین مسجد نبوی ﷺ کے مغرب میں 5 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ جس میں توسیع کے بعد اب یہاں تین ہزار تک نمازیوں کی گنجائش ہے۔
واضح رہے کہ مسجد قبلتین کو مدینہ منورہ کے سب سے نمایاں تاریخی مقامات میں اہمیت کا درجہ حاصل ہے۔ یہ وہ مسجد ہے جہاں نماز ظہر کے دوران قبلے کی تبدیلی کا حکم ہوا تھا۔ اس کا ذکر قرآن کریم میں بھی موجود ہے۔
نبی کریم ﷺ کی دلی خواہش تھی کہ کعبۃ اللہ کو مسلمانوں کے قبلے کا درجہ دیا جائے۔ مسجد قبلتین میں قبلہ اول بیت المقدس کی جانب رخ کر کے نماز ظہر کی امامت کے دوران نبی آخر الزماں ﷺ نے بار بار آسمان کی طرف نگاہیں اٹھائیں تو وحی کے ذریعہ انہیں قبلے کی تبدیلی اور اپنا رخ کعبۃ اللہ کی جانب کرنے کا حکم دیا گیا۔
