تھانہ ہمک اور ہومیسائیڈ یونٹ کی پولیس ٹیم نے مالک مکان کو بے دردی سے قتل کرنے والے سفاک کرایہ دار کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ہمک پولیس کو ایک شہری نے درخواست دی کہ اس کے والد کو ان کے کرایہ دار نے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا ہے، جس پر فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ پولیس نے درخواست موصول ہونے پر مقدمہ نمبر 719/25 درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ ہمک اور ہومیسائیڈ یونٹ کی مشترکہ ٹیم نے جدید تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے انتہائی سنجیدہ نوعیت کے اس کیس میں ملوث ملزم قیصر مسیح کو مختصر وقت میں گرفتار کر لیا۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے اپنے مالک مکان محمد جمیل کو شدید تشدد کر کے جان سے مار دیا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے اس واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قتل، تشدد اور دیگر سنگین جرائم کے انسداد کے لیے اسلام آباد پولیس بلا تفریق کارروائیاں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا اور عدالت سے اسے قرار واقعی سزا دلوانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ہیلپ لائن "پکار 15” پر دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی اشتراک سے معاشرے کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔





