اسلام آباد (9 اکتوبر 2025) — تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ملین مارچ کے پیش نظر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے، جب کہ اہم شاہراہوں اور داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث روات ٹی چوک، فیض آباد، 26 نمبر چونگی، کرال چوک اور بارہ کہو سمیت کئی مقامات پر راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح مری روڈ، ڈبل روڈ اور آئی جے پی روڈ سے اسلام آباد جانے والے راستے بھی بند ہیں۔
انتظامیہ نے بتایا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جب کہ میٹرو بس سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ سڑکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور مختلف مقامات پر پولیس کی مشترکہ چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی معطلی کا مقصد عوامی نظم و ضبط برقرار رکھنا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔
آر پی او راولپنڈی نے تمام اضلاع کے ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔
مزید برآں، سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔
