فیصل واوڈا کا تحریک انصاف پر پابندی لگنے کا عندیہ

0
79
pakalerts.pk
pakalerts.pk

تحریک انصاف نے اگر بدمعاشی دکھائی اور اسلام آباد آئے تو مار بھی پڑے گی اور پابندی بھی لگے گی، سینیٹر فیصل واوڈا

فیصل واوڈا کا تحریک انصاف پر پابندی لگنے کا عندیہ، تحریک انصاف نے اگر بدمعاشی دکھائی اور اسلام آباد آئے تو مار بھی پڑے گی اور پابندی بھی لگے گی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر سیاسی رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری شطرنج کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں، 27ویں ترمیم آسانی سے پاس ہوجائے گی۔ایک انٹرویومیں فیصل واوڈا نے کہا کہ بلاول بھٹو نے 27ویں ترمیم سے متعلق بیان دے کر اچھا اقدام کیا ہے، پی ٹی آئی کی خواہش کے مطابق 27 ویں ترمیم پر چھوٹی موٹی بحث بھی کروالیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی اور بقا کے لیے 27ویں ترمیم کی ضرورت پڑگئی ہے، پاکستان کی کامیابی کے لیے 28ویں ترمیم کی بھی ضرورت پڑی تو وہ بھی آجائے گی۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ 18ویں ترمیم پوری فارغ نہیں ہو رہی اس میں کچھ ترمیم کی جا رہی ہے، میرے خیال میں سیکیورٹی کے معاملات کو بھی وفاق کو دیکھنا چاہیے، پورے ملک میں ایجوکیشن کا ایک نظام ہونا چاہیے۔میں صبر، خبر اور نظر رکھتا ہوں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے 27 ویں آئینی ترمیم کا پروپوزل مسترد کردیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں اسد قیصر نے آئین کی بحالی اور نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردداری سے بھی بات چیت پر آمادگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کا پروپوزل مسترد کرتے ہیں، آئین کی بحالی اور این ایف سی ایوارڈ پر بلاول بھٹو سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے دوران بھی آئینی عدالت کی تجویز تھی، آئینی بینچ کے بھی خلاف تھے۔اٴْنہوںنے کہاکہ سمجھتے ہیں ایک ہی سپریم کورٹ ہے، 27ویں ترمیم سے عدلیہ کا مکمل ختم کیاجا رہا ہے، میں جو ترمیم لایا تھا، اس میں فوجی عدالتوں کے بعد ہائی کورٹ میں اپیل ذکر تھا۔اسد قیصر نے کہا کہ الیکشن کمیشن تعیناتیوں کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی بات چیت ہوتی ہے، اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے بعد یہ معاملہ حل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر کا اعلان کریں اور غیر جانبدار رہیں، پیپلز پارٹی 73 کے آئین اور 18ویں ترمیم کی خالق اور مرکزی جماعت ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کو پہلے سے خدشات ہیں کہ ان کو طے شدہ حصہ بھی نہیں ملتا، اگر این ایف سی ایوارڈ کو چھیڑا گیا تو اس سے ملک میں انارکی پھیلے گی۔انہوںنے کہاکہ 27ویں ترمیم کے خلاف اگر پیپلز پارٹی کھڑی ہو ہم ان سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، امید ہے کہ پی پی پی آئین کو بچانے میں کردار ادا کرے گی۔اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمان میں تمام سیاسی جماعتوں کو اور جمہوری قوتوں کو اکٹھا ہو جانا چاہیے، تعلیم سے متعلق صوبوں کو بلا کر نصاب بنایا جاسکتا ہے لیکن وفاق مکمل کنٹرول نہیں کرسکتا۔