ملک میں مغربی ہواوں کے سلسلے کی آمد کے باعث بارشوں کے ساتھ ساتھ کئی شمالی علاقوں میں برفباری بھی ہونے کا امکان
مشہور سیاحتی مقامات پر قبل از وقت برفباری کا امکان، ملک میں مغربی ہواوں کے سلسلے کی آمد کے باعث بارشوں کے ساتھ ساتھ کئی شمالی علاقوں میں برفباری بھی ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مری، گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیشگوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں 4 نومبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 5 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا، جو بارشوں، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ برفباری کا سبب بنے گا۔4 سے 5 نومبر کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش متوقع ہے جبکہ صوابی، پشاور، مردان، کوہاٹ، کشمیر اور مظفرآباد میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور سرگودھا میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔ خوشاب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال اور لاہور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارشوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور اسموگ و دھند میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ برفباری اور بارش کے دوران شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کسان اپنی سرگرمیوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں،دوران سفر فوگ لائیٹس کا استعمال کریں۔




























