راولپنڈی (26 اگست 2025): پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ دعویٰ ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد کیا۔
قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ
اے آر وائی نیوز کے مطابق علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی قیادت کو واضح پیغام دیا ہے کہ قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے فوری طور پر مستعفی ہوا جائے۔
بشریٰ بی بی کی قید تنہائی
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے ملاقات کے دوران اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حالات پر بھی تشویش کا اظہار کیا، کیونکہ انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے یہ سوال بھی کیا کہ ’’کیا میرے بچے بھی جیل میں ڈال دیے گئے ہیں؟‘‘
4 ماہ بعد ملاقات
علیمہ خان نے کہا کہ انہیں اور بہنوں کو چار ماہ بعد بھائی سے ملاقات کی اجازت ملی۔ ان کے مطابق عمران خان کی صحت مجموعی طور پر بہتر ہے تاہم آنکھ پر دباؤ محسوس ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے خاندان جلد ہی عدالت میں درخواست دائر کرے گا تاکہ ان کا طبی معائنہ کیا جا سکے۔





