بطور جج تقرری کالعدم قرار دیتے ہوئے عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری جعلی قرار دیدی۔ تفصیلات کے مطابق ڈگری تنازعہ کیس میں جسٹس طارق جہانگیری کی بطور جج تعیناتی کالعدم قرار دے دی اور جج کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا گیا، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نےفیصلہ سنا یا، عدالت نے وزارت قانون کو طارق محمود جہانگیری کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دے دیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ طارق جہانگیری بطور جج تعیناتی کے وقت ایل ایل بی کی درست ڈگری نہیں رکھتے تھے، طارق جہانگیری کی بطور جج تعیناتی غیر قانونی تھی،طارق محمود جہانگیری جج کا عہدہ رکھنے کے اہل نہیں۔بتایا گیا ہے کہ اپنے فیصلے میں عدالت نے جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف دائر میاں داؤد ایڈووکیٹ کی درخواست منظور کر لی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کی درخواستیں مسترد کر دیں، جسٹس طارق محمود جہانگیری کی جانب سے فل کورٹ تشکیل دینے سے متعلق درخواست مسترد کی گئی، عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے تک کیس ملتوی کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی، اسی طرح جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بنچ پر اعتراض کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔بتایا جارہا ہے کہ جسٹس جہانگیری کے خلاف ڈگری تنازعہ کیس کی سماعت میں بیرسٹر صلاح الدین، اکرم شیخ ، راجہ علیم عباسی و دیگر نے دلائل دیئے، دوران سماعت درخواست گزار میاں داؤد ایڈووکیٹ نے بھی اپنے دلائل دیئے، بیرسٹر صلاح الدین نے کیس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ’جواب جمع کرانے کے لیے 30 دن کا وقت دیا جائے، یہ معاملہ سندھ ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار ہے، اس عدالت کے سامنے قابل سماعت نہیں، میرٹ پر دلائل نہیں دے رہا، صرف اپنی درخواستوں پر دلائل دے رہا ہوں‘۔بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ’ ڈیڑھ سال سے پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ ڈگری جعلی ہے، ڈگری جعلی ہے، آج رجسٹرار کراچی یونیورسٹی نے یہاں تسلیم کیا کہ ایل ایل بی پارٹ ون ٹو تھری میں وہ موجود تھے، رجسٹرار کراچی یونیورسٹی نے یہ کہا ہے ان کی ڈگری کے پراسس میں بےضابطگی تھی، کراچی یونیورسٹی نے تسلیم کیا ڈگری جاری کی جس کو کینسل کیا، رجسٹرار کراچی یونیورسٹی نے تسلیم کیا یہ فیک ڈگری کا نہیں بلکہ بے ضابطگی پر کینسل کرنے کا کیس ہے، یہ ابھی طے ہونا ہے کراچی یونیورسٹی 40 سال بعد سچ کہہ رہی ہے یا نہیں، رجسٹرار کراچی یونیورسٹی نے سندھ ہائیکورٹ کے سامنے حکم امتناع پر اعتراض نہیں کیا‘۔بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ’ کراچی یونیورسٹی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرایا لیکن یہ چھپایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے ڈیکلریشن معطل کر رکھا ہے، رجسٹرار کراچی یونیورسٹی کے حقائق چھپانے پر ان کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، سندھ ہائیکورٹ نے کراچی یونیورسٹی کا ڈیکلریشن سمیت تمام کاروائی معطل کر رکھی ہے، یہ عدالت اس صورت حال میں کیس کی کاروائی آگے نہیں بڑھا سکتی‘، یہاں چیف جسٹس نے بیرسٹر صلاح الدین سے استفسار کیا کہ ’کیا آپ نے ابھی جواب جمع نہیں کرایا ؟‘ بیرسٹر صلاح الدین نے جواب دیا کہ ’کل تین بجے ایچ ای سی کا ریکارڈ ہمیں ملا ہے‘، چیف جسٹس نے کہا کہ ’آپ نے سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کرایا یہاں کیوں نہیں کرا رہے‘؟ وکلا کے دلائل سن کر ججز چیمبر میں روانہ ہوئے اور ساڑھے تین بجے فیصلہ سنا دیا۔





