سیوریج ورکرز کی ہلاکتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ملک بھر میں جامع حفاظتی اقدامات کیلئے ہدایات جاری
اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاکروب کی آسامیوں کے اشتہار میں ’صرف مسیحی‘ لکھنے پرپابندی عائد کردی۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے جسٹس انعام امین منہاس نے اپنے فیصلے میں اشتہار میں ’صرف کرسچن‘ کی بجائے ’شہری‘ لکھنے کا حکم جاری کیا، علاوہ ازیں سیوریج ورکرز کی ہلاکتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ملک بھر میں جامع حفاظتی اقدامات کیلئے ہدایات جاری کردیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ سیوریج ورکرز کو زہریلی گیسوں اور جان لیوا ماحول میں بغیر حفاظتی انتظامات چھوڑ دینا سنگین غفلت ہے، سیوریج ورکرز مشینی پرزے نہیں، انہیں مکمل حفاظتی سامان اور سہولیات دی جائیں، تمام متعلقہ محکمے دو ماہ میں تفصیلی عمل درآمد رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو جمع کروائیں۔
دوسری طرف فیصل آباد میں ایک خاتون خاکروب نصرت بی بی نے کوڑا دان سے ملنے والے نو لاکھ روپے مالک کو واپس کرکے ایمانداری کی مثال قائم کر دی، سینیٹری ورکر نصرت بی بی صوبائی حکومت کے ستھرا پنجاب منصوبے کے ایک لاکھ 30 ہزار ملازمین میں شامل ہیں، جن کا کام صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں میں صفائی کرنا ہے، انہوں نے بتایا کہ مجھے محلہ نگہبان پورہ کی گلی میں کوڑے سے ایک پیکٹ ملا، کھولا تو اس میں نوٹوں کی گڈیاں تھیں، میں نے اپنے سپروائزر کو اس کے متعلق بتایا جنہوں نے پیسوں کے مالک کو ڈھونڈ کر رقم ان کے حوالے کر دی۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے بتایا کہ ’نصرت بی بی نے ایمانداری کی مثال قائم کی ہے، اس لیے انہیں مجموعی طور پر تین لاکھ روپے انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیا جا رہا ہے جب کہ خاتون کے ایک بیٹے کو ضلعی انتظامیہ میں نوکری بھی دی جا رہی ہے‘، پانچ بچوں کی ماں نصرت بی بی نے کہا کہ ’ہم میاں بیوی نے محنت کرکے اپنے بچوں کو پالا ہے، ساری زندگی خود بھی رزق حلال کھایا اور بچوں کو بھی وہی کھلایا ہے، میری جو افسران نے حوصلہ افزائی کی ہے اس پر بہت خوشی ہوئی، میرے لیے یہ سب سے بڑا اعزاز ہے کہ مجھ جیسی غریب کو اتنی عزت دی جا رہی ہے‘۔





