ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خط کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت کو ایشیا کپ کی ٹرافی چاہیے تو راجیو شکلا کو بھارتی کپتان یا کسی کھلاڑی کے ساتھ دبئی آنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، بی سی سی آئی اور ایشین کرکٹ کونسل کے درمیان ٹرافی سے متعلق خطوط کا تبادلہ ہوا ہے۔ بھارتی بورڈ نے اے سی سی کو خط لکھ کر ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی حوالے کرنے کی درخواست کی تھی۔
محسن نقوی نے جواب میں کہا کہ ٹرافی کی حوالگی کے لیے باقاعدہ تقریب دبئی میں منعقد کی جائے گی، جہاں راجیو شکلا یا بھارتی کپتان کو شرکت کرنی ہوگی۔
اے سی سی کے مطابق، ٹرافی کی تقریب نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے، اور اسی موقع پر بھارتی ٹیم یا نمائندے کو ٹرافی دی جائے گی۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ “ایشیا کپ کی ٹرافی بھارت کی ہے، مگر اسے باضابطہ طور پر وصول کرنے کے لیے نمائندہ دبئی آنا ہوگا۔”
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے مودی حکومت کے دباؤ پر ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس پر نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ بھارت کے اندر بھی تنقید کی جا رہی ہے
