رینجرز اہلکاروں کی ٹریننگ کیسی ہوتی ہے؟ دلچسپ ویڈیو رپورٹ

0
115
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

پاکستان رینجرز کے جوان ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور شہروں کی داخلی سیکیورٹی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سخت ٹریننگ کے باوجود یہ جوان زندہ دلی اور جذبے کے ساتھ اپنی زندگی گزارتے ہیں۔

شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال ہو یا کوئی ہنگامی مسئلہ، رینجرز کے جوانوں کی موجودگی شہریوں کے لیے اطمینان اور تحفظ کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

فوجی تربیت کسی بھی فورس کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، یہی تربیت جوانوں کی خود اعتمادی کو بڑھاتی ہے اور انہیں عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کے قابل بناتی ہے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کراچی کی رپورٹ کے مطابق، رینجرز کی ٹریننگ میں صرف ڈسپلن اور سختی ہی نہیں بلکہ خوش مزاجی، مسکراہٹیں اور جوش و جذبہ بھی شامل ہوتا ہے، جو اس تربیت کو دلچسپ اور یادگار بنا دیتا ہے۔

چیف انسٹرکٹر لیفٹنٹ کرنل یاسر نے بتایا کہ رینجرز میں بھرتی کا عمل اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ منتخب ہونے والے جوان سخت ترین تربیت کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

6 ستمبر 1965 کی جنگ میں بھی رینجرز نے بہادری کی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے دشمن کے حملے کو مہارت اور ثابت قدمی سے پسپا کیا اور آٹھ گھنٹے تک مقابلہ کرتے ہوئے بھارتی فوج کو پیچھے دھکیل دیا۔

ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے رینجرز جوانوں کا ایک ہی عزم ہے کہ وہ وطن عزیز پاکستان کے لیے اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ ٹریننگ کے دوران تفریح اور خوشگوار ماحول بھی فراہم کیا جاتا ہے، جہاں جوان خوش گپیاں، لطیفے اور گانے گا کر ایک دوسرے کو محظوظ کرتے ہیں۔