پاکستان امن چاہتا ہے مگر دفاع پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب

0
67
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان نے جنگ جیت لی ہے اور اب امن قائم کرنے کا خواہاں ہے، تاہم ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کو اشتعال انگیز نہیں بلکہ فعال قیادت کی ضرورت ہے۔

سندھ طاس معاہدہ اور بھارت کی خلاف ورزی

شہباز شریف نے نشاندہی کی کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگی کا اہم ذریعہ ہے اور ہم اپنے حق کا ہر صورت بھرپور دفاع کریں گے۔

صدر ٹرمپ کی مداخلت اور جنگ بندی

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر صدر ٹرمپ بروقت اور فیصلہ کن کردار ادا نہ کرتے تو نتائج سنگین ہوسکتے تھے۔ پاکستان نے طاقت میں برتری کے باوجود جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی اور تباہ کن جنگ کو روکنے میں امریکا کے کردار کو سراہتا ہے۔

بھارت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے 7 جنگی طیاروں کو گرا کر تاریخ ساز جواب دیا گیا، پاکستان سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے کھڑا ہے۔ انہوں نے شہداء اور جانبازوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

فلسطین اور غزہ کی صورتحال

وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر حال میں جنگ بندی کا راستہ نکالنا ہوگا۔ پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ظلم و بربریت مزید نہیں چل سکتی۔ ننھی فلسطینی بچی ہند رجب کی دردناک کہانی اور بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے کمسن ارتضیٰ عباسی کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معصوم بچوں کے تابوت اٹھانا انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے کے مترادف ہے۔