پشاور: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ایمل خان کو مردان سے گرفتار کیا گیا، جو انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کے دھندے میں سرگرم تھا۔ کارروائی متاثرہ شہری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم غیر قانونی آپریشنز کے دوران مریضوں کو اینستھیزیا لگانے کا ذمہ دار تھا اور اب تک اس مکروہ کاروبار سے لاکھوں روپے کما چکا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم پرائیویٹ اسپتالوں کے سہولت کاروں کی مدد سے یہ غیر قانونی پیوندکاریاں کراتا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق اس نیٹ ورک میں متعدد دیگر افراد بھی شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان پیش کر کے اسے سخت سزا دلائی جائے گی۔
مزید برآں، ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی کہ انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت یا پیوندکاری سے متعلق کسی بھی اطلاع کی صورت میں فوری طور پر قریبی ایف آئی اے دفتر سے رابطہ کریں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کسی کو بھی معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔





