بھارت نے تھین ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے، دریائے راوی اور چناب میں پانی کا خطرناک اضافہ

0
123
pakalerts.pk

لاہور: بھارت کی آبی جارحیت کے باعث دریائے راوی اور چناب میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بھارت نے دریائے راوی پر قائم تھین ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے ہیں جس کے نتیجے میں کوٹ نیناں کے مقام سے پاکستانی حدود میں 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک پانی داخل ہوگیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں اس بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹے میں جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب گزرنے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان اور تمام متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

دریائے راوی کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا کہ جسڑ کے مقام پر 1 لاکھ 42 ہزار کیوسک پانی مسلسل داخل ہو رہا ہے، جبکہ شاہدرہ کے مقام پر بہاؤ 56 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے دریائے راوی کے کنارے آباد شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کے ذریعے اعلانات کرکے عوام کو صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔

ادھر دریائے چناب میں بھی پانی کے بہاؤ میں خطرناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 4 لاکھ 62 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت کی جانب سے آج ہی دریائے چناب میں ساڑھے 3 لاکھ کیوسک کا ریلہ چھوڑا گیا، جس سے خدشہ ہے کہ لاکھوں ایکڑ زرعی زمین زیرِ آب آسکتی ہے۔