اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ملک بھر کے طلبہ کو الیکٹرک بائیکس فراہم کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ نیو انرجی وہیکلز پالیسی کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نے وفاق اور تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں ای بائیکس تقسیم کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مکمل طور پر میرٹ پر کیا گیا ہے اور خاص طور پر بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 10 فیصد اضافی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اور یہ پالیسی ماحول دوست اقدامات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای وی پالیسی سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور کاربن اخراج میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے پالیسی کی تیاری میں تعاون کرنے پر برطانوی حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ ملک بھر کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو مفت ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، جس پر آج عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔




























