اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف شہروں میں چھ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 2 افغان شہریوں سمیت 6 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ برآمد شدہ منشیات کی مجموعی مالیت 33 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد ہے، جبکہ کل وزن تقریباً 248 کلوگرام بنتا ہے۔
اہم کارروائیاں:
- جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی: برطانیہ جانے والے افغان نژاد برطانوی شہری سے 990 نشہ آور گولیاں برآمد۔
- لاہور (اپر مال) کوریئر آفس: قطر بھیجے جانے والے پارسل سے 800 گرام آئس برآمد۔
- سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کراچی: افغان باشندے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد۔
- موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد: گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد، 2 ملزمان گرفتار۔
- نیازی اڈہ لاہور: 2 ملزمان کے سامان سے 700 گرام آئس برآمد۔
- کلی دمان، چمن: اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 240 کلوگرام ہیروئن برآمد۔
ترجمان اے این ایف نے مزید بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔




























