کراچی میں میوزک ٹیچرز کا حکومت کے خلاف انوکھا احتجاج

0
126
pakalerts.pk
pakalerts.pk

کراچی (18 ستمبر 2025): شہر قائد میں میوزک ٹیچرز نے ڈھائی سال سے جوائننگ لیٹرز نہ ملنے پر حکومت کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 319 امیدوار کراچی پریس کلب کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ احتجاجی کیمپ میں اساتذہ نے اپنے ساز تھام لیے اور تقرری کے انتظار میں سرابا احتجاج بنے رہے۔ ہارمونیم، تھاپ اور اِک تارا کی دھنوں پر مظاہرین نے حکام کو اپنے مطالبات سنائے اور کئی راگ بھی پیش کیے۔

میوزک ٹیچرز کی قیادت کامران چانڈیو اور بادشاہ بزدار کر رہے تھے۔ پولیس نے اس موقع پر مظاہرین کو سندھ اسمبلی کی طرف بڑھنے سے روک دیا اور مارچ کی کوشش ناکام بنا دی۔ دھکم پیل کے دوران پولیس کے ہاتھوں کچھ ساز بھی ٹوٹ گئے۔

میوزک ٹیچرز کی تنظیم کے صدر کامران علی نے کہا کہ ہمیں آفر لیٹر جاری ہوئے ڈھائی سال ہو چکے ہیں لیکن جوائننگ لیٹر تاحال نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید دلائی گئی لیکن عملی اقدامات نہیں ہوئے۔

احتجاج کے دوران اساتذہ نے سندھ کا صوفیانہ کلام بھی پیش کیا اور حکومت سے فوری طور پر تقرریاں مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔