سموگ کے باعث لاہور میں ایک ہفتے کیلئے پرائمری سکول بند کرنے کا اعلان

0
87
Pakalerts.pk

حکومتِ پنجاب نے لاہور میں بڑھتی ہوئی سموگ کے پیش نظر پرائمری سکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارت سے آنے والی ہواؤں نے لاہور میں سموگ کی شدت میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی آلودگی نے پاکستانی علاقوں، خصوصاً لاہور، پر شدید اثرات مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے کا حل بھارت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) ایک ہزار سے تجاوز کر چکا ہے، اور بعض علاقوں میں یہ 1900 تک پہنچ گیا تھا۔ سموگ کے تدارک کے لیے پنجاب حکومت نے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں بھٹوں کی مسماری، پلاسٹک بیگز پر پابندی، اور کسانوں میں ایک ہزار سپر سیڈز کی تقسیم شامل ہے۔ اس کے علاوہ، سموگ کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی عوام سے اپیل کی گئی ہے۔