ہم وہاں محفوظ نہیں، ورلڈ کپ کھیلنے بھارت کسی صورت نہیں جائیں گے، ڈائریکٹر بنگلہ کرکٹ بورڈ

0
43
pakalerts
pakalerts

ڈھاکا (7 جنوری 2026): بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے واضح کر دیا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کھیلنے کے لیے کسی صورت بھارت نہیں جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حالات بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے لیے محفوظ نہیں ہیں۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، تاہم آئی پی ایل سے جڑے حالیہ تنازع نے بین الاقوامی کرکٹ میں بھی ہلچل مچا دی ہے۔ اسی تناظر میں بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آصف اکبر نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متبادل وینیو کے طور پر سری لنکا یا بنگلہ دیش کو منتخب کرنا آئی سی سی کا اختیار ہے، تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔ ان کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند جماعت شیوسینا کے دباؤ پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے انہیں اپنی ٹیم سے ڈراپ کر دیا۔ اس اقدام کے ردعمل میں بنگلہ دیش نے نہ صرف ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کیا بلکہ آئی سی سی سے اپنے میچز متبادل وینیو پر کرانے کی درخواست بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش میں آئی پی ایل میچوں کی نشریات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔