بانی پی ٹی آئی ایک چٹان کی طرح کھڑا ہے، کوئی جیل اتنی بڑی نہیں جو عمران خان کے سحر کو روک سکے، یہ جدوجہد آزادی کیلئے ہے جاری رہے گی۔ سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا جلسہ عام سے خطاب
: "اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی دھواں دھار جلسہ، چیئرمین کے حامیوں نے حکومت کو چیلنج دے دیا!”
اسلام آباد پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ جابر نے عمران خان کو پابند سلاسل کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی جیل اتنی بڑی نہیں جو عمران خان کو روک سکے، وہ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد آزادی کے لئے ہے جو جاری رہے گی، اور عمران خان کبھی جھکنے والا نہیں بلکہ آخری دم تک وقت کے یزید کا مقابلہ کرے گا۔ پاکستان کی آزادی کی ضمانت عوام ہے، جو جبر کی دیوار کو گرا دیں گے اور بانی پی ٹی آئی بہت جلد ہمارے درمیان ہوں گے، اور ہم آخری دم تک وقت کے یزید کا مقابلہ کریں گے۔
جلسے سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مخدوم زین قریشی نے کہا کہ آج کا دن تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ پی ٹی آئی سب سے مقبول جماعت ہے۔ شاہ محمود قریشی کا پیغام ہے کہ عوام متحد رہیں، ہمیں اپنے قائدین کو آزاد کروانا ہے، عوام نے حکمرانوں کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے، اور وہ دن دور نہیں جب بانی پی ٹی آئی دوبارہ وزیراعظم ہوں گے۔
اسی دوران، پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک ہفتے میں پنجاب جائیں گے، اور علی امین گنڈا پور اس کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ فارم 45 کے لوگوں نے ہم سے کہا کہ پنجاب میں جلسہ کر کے دکھاؤ، ہم پنجاب میں داخل ہوں گے اور کے پی کے کم از کم 50 ہزار لوگ میرے ساتھ ہوں گے۔ پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر نے کہا کہ پنجاب میں میدان سجنے والا ہے، خون کے آخری قطرے تک کھڑے رہیں گے۔ یہ تمام رکاوٹیں گواہی دے رہی ہیں کہ حکمران ہم سب سے خوفزدہ ہیں، اور یہ حکومت عدالتوں کو ہراساں کر کے قائم ہے۔ اگر عمران خان آئین پر یقین نہ رکھتے تو کب کا تمہارا دھڑن تختہ ہو چکا ہوتا۔
رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سب رکاوٹیں ہٹا کر لوگ جلسے میں پہنچے ہیں۔ وہ کہتے تھے کہ 8 ستمبر کو جلسہ نہیں ہوگا، اور جو کہتے تھے کہ پنجابی نہیں نکلتے، آج دیکھ لو کہ جلسے میں پنجابی موجود ہیں۔ عوام بانی پی ٹی آئی کی اصل طاقت ہیں، جو ہمارے راستے میں آئے گا عوام اس سے ٹکرائے گی، اور ہم بانی پی ٹی آئی کو آزاد کروائیں گے۔




























