آئی جی پنجاب کی دہشتگرد اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کا حکم

0
86

لاہور (12 نومبر 2025): اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کے بعد پنجاب بھر میں دہشتگردوں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

آئی جی پنجاب عثمان انور کی زیرِ صدارت سکیورٹی اور امن و امان پر اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے صوبے کی سکیورٹی سخت کرنے اور دہشتگردوں و شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا۔

عثمان انور نے ہدایت دی کہ پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں اور غیر ملکیوں کے انخلا میں تیزی لائیں، لاوڈ اسپیکر ایکٹ خلاف ورزی اور سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پر فوری ایکشن لیں۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے ٹریفک مینجمنٹ اینڈ لائسنسنگ سسٹم میں اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بغیر لائسنس ڈرائیورز اور اوورلوڈنگ کے خلاف مہم میں تیزی لائیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن کے تحت صوبے کو محفوظ بنانے کیلیے اقدامات جاری ہیں، صوبہ بھر کو بتدریج سیف سٹیز پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا کیا گیا جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہیں۔

خودکش بمبار نے اسلام آباد کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی سخت ہونے کے باعث وہ عدالت میں داخل نہ ہو سکا اور خود کو مین گیٹ کے سامنے پولیس وین کے قریب بارودی مواد سے اڑا دیا۔