صدر آصف زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی منظوری دیدی،نوٹیفکیشن جاری

0
103
Pakalerts.pk

صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، اور وزارت قانون نے ان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ یہ تقرری 26 اکتوبر 2024 سے تین سال کے لیے کی گئی ہے، اور جسٹس یحییٰ آفریدی اسی روز اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی عدالتی خدمات بے مثال رہی ہیں۔ ان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے، جہاں وہ 23 جنوری 1965 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے ایچی سن کالج لاہور، گورنمنٹ کالج لاہور اور پنجاب یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی، جبکہ کیمبرج یونیورسٹی کے جیسس کالج سے کامن ویلتھ اسکالرشپ کے تحت ایل ایل ایم کیا۔

1990 میں وکالت کا آغاز کرنے کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی نے 2004 میں سپریم کورٹ میں بطور وکیل خدمات سر انجام دینا شروع کیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ 2010 میں انہیں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر مقرر کیا گیا، اور 2016 میں وہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے۔ 2018 میں جسٹس یحییٰ آفریدی سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔

انہوں نے متعدد اہم مقدمات کی سماعت میں حصہ لیا، جن میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس اور سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس قابل ذکر ہیں۔ ان کی قانونی بصیرت اور آئینی معاملات پر گہری گرفت نے انہیں ایک ممتاز جج کے طور پر پہچانا ہے، اور اب وہ 26 اکتوبر کو بطور چیف جسٹس پاکستان اپنے فرائض سنبھالیں گے۔