پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی کے جلسوں میں پیش آنے والی مشکلات کے بعد احتجاجی حکمت عملی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی ٹی آئی اب بڑے شہروں کی بجائے اضلاع میں احتجاج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، کیونکہ اسلام آباد اور لاہور کے جلسوں پر آنے والے اخراجات اور مشکلات نے کئی رہنماؤں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے نئی حکمت عملی کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ اضلاع کی سطح پر احتجاج کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی نے نئے احتجاجی شیڈول کا بھی اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ عوام کی حاکمیت کے لیے احتجاج جاری رہے گا۔ نئے شیڈول کے تحت 11 اکتوبر کو ملتان اور ساہیوال میں احتجاج ہوگا، جبکہ 12 اکتوبر کو گوجرانوالہ اور سرگودھا میں احتجاج کیا جائے گا۔ 13 اکتوبر کو ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بھی احتجاج کی کال دی گئی ہے، اور 14 اکتوبر کو لاہور اور فیصل آباد میں احتجاج کیا جائے گا۔ اس کے بعد پارٹی کی پولیٹکل کمیٹی پورے ملک کو اسلام آباد میں جمع ہونے کی دعوت دے گی۔
تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج میں شامل ہونے والے ورکرز کے لیے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات کے مطابق گروپوں میں شریک ہوں، اپنے مقامی ممبران اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے رابطے میں رہیں، کسی ورکر کی گرفتاری کی صورت میں فوری طور پر انصاف لائرز فورم کے وکلاء سے رابطہ کریں، اور اپنی صفوں میں شامل مشکوک افراد سے محتاط رہیں، چاہے اشتعال انگیزی ہو، پرامن رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔




























