سماعت کرنے والے جج منظر علی گل نے میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا
لاہور پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کا بھی جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کے مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست ریمانڈ پر سماعت کرنے والے جج منظر علی گل نے میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا، انہوں نے کہا کہ ’میڈیا کا کوئی بھی نمائندہ کمرہ عدالت میں نہیں ہوگا، آئندہ میری عدالت میں کوئی میڈیا نمائندہ موبائل لے کر نہ آئے، میڈیا نمائندگان آنا چاہیں تو کاپی پینسل لے کر آئیں‘، جس پر سکیورٹی نے تمام میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔
بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی جہاں پراسیکیوشن نے مؤقف اپنایا کہ ’ملزم جائے وقوعہ پر موجود تھا، موقع پر اسلحہ کا استعمال کیا گیا، ویڈیو میں بھی ملزم کی موجودگی پائی گئی، ملزم کے سوشل میڈیا اکاونٹس ریکور کرنے ہیں، ملزم کو تیس روز کے جسمانی ریمانڈ پر حوالہ پولیس کیا جائے‘، اس پر وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ’ملزم کو ستائیس ماہ بعد گرفتار کیا گیا، گرفتاری غیرقانونی ہے، ملزم کل اپنے بھائی کے ساتھ اسی عدالت میں پیش ہوا اور کل ہی گرفتار کر لیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ ملزم کو تھانہ سرور روڈ کے جناح ہاوس حملہ کیس میں نامزد کیا گیا ہے اس حوالے سے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ابتدائی طور پر عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم شیرشاہ کے ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے ملزم کو پانچ دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
سورس اردو پوائنٹ




























