بھارت نے پاکستان کو ممکنہ بڑے سیلاب سے پیشگی اطلاع دے دی

0
51
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد: سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت نے پاکستان کو ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے آگاہ کردیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے دریائے توی میں جموں کے مقام پر سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر باضابطہ طور پر پاکستان سے رابطہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے 24 اگست کی صبح 10 بجے پاکستان کو ممکنہ سیلابی صورتحال کی پیشگی اطلاع دی۔ یہ رابطہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور رواں سال مئی میں ہونے والی جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا بڑا باضابطہ رابطہ ہے۔

خیال رہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اپریل میں بھارتی حکومت نے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی اٹاری اور واہگہ بارڈر بند کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس کے علاوہ بھارتی وزیر خارجہ نے اس وقت کہا تھا کہ سارک ویزا استثنیٰ کے تحت بھی پاکستانی شہری بھارت کا سفر نہیں کرسکیں گے۔

ترجمان دفترِ خارجہ سے اس تازہ پیش رفت پر مؤقف حاصل نہ کیا جاسکا۔ تاہم ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے سیلابی اطلاع دینا اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پانی کے معاملے پر تعاون کے کچھ راستے ابھی بھی موجود ہیں۔