پاکستان میں قدرتی آفات سے ہونے والے اربوں روپے کے نقصانات کے پیش نظر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت کو انشورنس کور فراہم کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں بینکنگ سیکٹر کی ترقی کے باوجود انشورنس انڈسٹری عالمی معیار سے بہت پیچھے ہے، حتیٰ کہ بڑے سرکاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی قدرتی آفات کے حوالے سے انشورنس کور فراہم نہیں کیا جاتا۔
آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے انشورنس کور لازمی بنایا جائے تاکہ قدرتی آفات سے نقصانات کم کیے جا سکیں۔ تاہم ذرائع کے مطابق سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) انشورنس سیکٹر کو ترقی دینے میں ناکام رہا ہے اور اس شعبے کو ماہرین کی اشد ضرورت ہے۔
مزید برآں، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) بھی انشورنس سیکٹر کی بہتری کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر رہا ہے اور اس نے بھی قدرتی آفات سے تحفظ کے لیے انشورنس کور کی ضرورت پر زور دیا ہے۔




























