ممبئی: بالی وڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا نے کہا ہے کہ بیٹی کی پرورش میں اصل ذمہ داریاں ان کی اہلیہ کیارا اڈوانی نبھا رہی ہیں جبکہ وہ خود کو صرف ایک "سپورٹنگ ایکٹر” سمجھتے ہیں۔
کپل شرما کے شو میں گفتگو
بھارتی میڈیا کے مطابق سدھارتھ ملہوترا نے نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے دی گریٹ انڈین کپل شو میں شرکت کے دوران والد بننے کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بات کی۔
انہوں نے بتایا:
"ہمارا پورا شیڈول بدل گیا ہے، بیٹی کے کھانے، سونے اور جاگنے کے معمولات کے ساتھ ہمیں بھی اپنی روٹین ڈھالنی پڑی ہے۔ اکثر رات کے 3 یا 4 بجے تک بیٹی کو فیڈنگ کرانا پڑتی ہے، جس کی وجہ سے راتوں کی نیند پوری نہیں ہو پاتی۔”
ذمے داریاں کون نبھا رہا ہے؟
اداکار نے کہا کہ اصل کام کیارا کر رہی ہیں جبکہ وہ صرف ایک معاون کردار میں ہیں:
"میں تو بس ساتھ کھڑا ہوتا ہوں، ساری محنت کیارا کر رہی ہیں۔”
شو کے دوران جب ارچنا پورن سنگھ نے ان سے ڈائپر بدلنے کی ذمے داری کے بارے میں پوچھا تو سدھارتھ نے ہنستے ہوئے اس بات کو تسلیم کیا کہ وہ یہ کام بھی کر لیتے ہیں۔
بیٹی کی پیدائش اور فلمی مصروفیات
سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی رواں سال 15 جولائی کو والدین بنے تھے۔ اداکار اس وقت اپنی نئی فلم پرم سندری کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ جھانوی کپور، سنجے کپور، منجوت سنگھ اور عنایت ورما بھی شامل ہیں۔ فلم کل بھارت کے سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔
دوسری جانب کیارا اڈوانی حال ہی میں ایان مکھرجی کی فلم وار 2 میں نظر آئیں جس میں وہ ریتک روشن اور جونیئر این ٹی آر کے ساتھ اسکرین شیئر کر رہی ہیں۔




























