راولپنڈی (3 ستمبر 2025): پیرو دھائی پولیس نے طالبہ سے زیادتی کرنے کے الزام میں اکیڈمی پرنسپل کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کی کارروائی
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزم ضیا الرحمان نے متاثرہ طالبہ کو شادی کا جھانسہ دے کر بارہا زیادتی کا نشانہ بنایا۔ خاتون کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
ایس پی راول، سعد ارشد کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ اسے قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی، تشدد یا ہراسگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مقدمے کی تفصیلات
مقدمے کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی نے 2023 میں خیابان سر سید میں واقع اسد اکیڈمی میں میٹرک کلاس میں داخلہ لیا تھا۔ مئی 2025 میں پرنسپل ضیا الرحمان نے اسے شادی کی پیشکش کی اور بعدازاں 21 مئی کو پیپر کی تیاری کے بہانے اکیڈمی بلوایا، جہاں دیگر طلبہ کی چھٹی کے بعد اس نے زبردستی زیادتی کی۔
مزید بتایا گیا کہ جولائی میں ملزم نے اکیڈمی کے دفتر میں دوبارہ زیادتی کی اور دھمکیاں دیں کہ اگر کسی کو بتایا تو شادی نہیں کرے گا۔ اس کے بعد بھی وہ مختلف اوقات میں بلیک میل کر کے زیادتی کرتا رہا۔
میڈیکل پراسیس
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کا میڈیکل پراسیس شروع کر دیا گیا ہے، اور تمام شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔




























