لاہور: معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے بعد یوٹیوبرز رجب بٹ اور اقرا کنول بھی مشکل میں پڑ گئے۔
این سی سی آئی اے نے آن لائن جوئے کی ایپ کے کیس میں رجب بٹ اور اقرا کنول کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 ستمبر صبح 11 بجے دفتر گلبرگ میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دونوں نے عوام کو آن لائن جوا کھیلنے والی ایپ سے متعلق گمراہ کیا۔ واضح رہے کہ اقرا کنول اور انس علی کو اس سے پہلے بھی 2 ستمبر کو طلب کیا گیا تھا۔
دوسری جانب، آن لائن جوا اور غیر اخلاقی مواد کی ترغیب دینے کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں عدالت نے مزید 3 دن کی توسیع کر دی۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ڈکی بھائی کو دو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ کیس میں مزید تحقیقات درکار ہیں، جس پر عدالت نے ریمانڈ بڑھا دیا۔
یہ چھٹی بار ہے کہ ڈکی بھائی کے ریمانڈ میں توسیع کی گئی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر غیر قانونی جوئے کی ایپس کی تشہیر کی۔ اسی الزام کے تحت 17 اگست کی رات نیشنل کرائم ایجنسی لاہور نے ریاست کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس میں الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعات 13 (الیکٹرانک جعلسازی)، 14 (الیکٹرانک فراڈ)، 25 (اسپیم)، 26 (اسپوفنگ) اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294-بی اور 420 شامل ہیں۔






























