ٹرمپ کے بگرام ایئر بیس سے متعلق بیان پر چین کا مؤقف سامنے آگیا

0
101
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

بیجنگ (20 ستمبر 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بگرام ایئر بیس سے متعلق بیان پر چین کی وزارتِ خارجہ نے سخت ردعمل دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین نے جمعہ کے روز ٹرمپ کے اس اعلان پر شدید تحفظات ظاہر کیے کہ امریکا افغانستان میں بگرام ایئر بیس پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین نے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھانا اور تصادم کو ہوا دینا عوامی خواہشات کے خلاف ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ چین خطے میں تناؤ یا عدم استحکام کی حمایت نہیں کرتا اور توقع رکھتا ہے کہ تمام فریقین امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین افغانستان کی آزادی اور خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور افغان عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ طالبان سے بگرام ایئر بیس کی واپسی کے لیے کوششیں کر رہی ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بگرام کی اہمیت اس وجہ سے ہے کہ یہ چین کی جوہری تنصیبات سے چند گھنٹے کے فاصلے پر واقع ہے۔ ٹرمپ نے افسوس کا اظہار کیا کہ سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں امریکی انخلا کے دوران بگرام پر کنٹرول برقرار نہیں رکھا گیا۔

دوسری جانب طالبان رہنما ذاکر جلالی نے کہا کہ افغان عوام نے ہمیشہ غیر ملکی فوجی موجودگی کو مسترد کیا ہے اور دوحہ مذاکرات کے دوران بگرام ایئر بیس کی واپسی کے مطالبے کو بھی قبول نہیں کیا گیا تھا۔