نیویارک (22 ستمبر 2025) — اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب اور فرانس کی سربراہی میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے منعقدہ سربراہی کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 22 سے 26 ستمبر تک جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہوں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے جو اجلاس کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کا بھی امکان ہے، جبکہ وزیراعظم اپنے قیام کے دوران دیگر اہم اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا جنرل ڈیبیٹ 23 ستمبر سے شروع ہوگا اور توقع ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 26 ستمبر (جمعہ) کو عالمی فورم سے خطاب کریں گے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم فلسطین کے مسئلے پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے اور غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ علاقائی سلامتی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی جیسے اہم عالمی مسائل پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔




























