لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک، دو فرار

0
108
pakalerts.pk
pakalerts.pk

لکی مروت (22 ستمبر 2025) — خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور امن کمیٹی نے مشترکہ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی وانڈہ امیر کے علاقے میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے گھیراؤ کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ ہلاک دہشت گرد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

ڈی پی او لکی مروت نزیر خان نے بتایا کہ آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی سرکل لکی مروت نے کی جبکہ تھانہ صدر پولیس، ایلیٹ فورس اور بکتر بند گاڑیاں بھی شریک ہوئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی امن کمیٹی "چغہ پارٹی” نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔

آر پی او بنوں ڈویژن سجاد خان اور ڈی پی او نزیر خان نے کامیاب آپریشن پر پولیس اہلکاروں اور امن کمیٹی کے رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ پولیس اور عوام متحد ہو کر دہشت گرد عناصر کو ختم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد اپنے بزدلانہ اقدامات سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔