کراچی (30 ستمبر 2025) — شہر قائد کے علاقے حیدری تھانے کی حدود سے ملنے والے انسانی سر کی شناخت ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ محمد یوسف کے نام سے کی گئی، جو ایک تندور پر مزدوری کرتا تھا۔
قتل کی لرزہ خیز تفصیل
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ سر نارتھ ناظم آباد سے برآمد ہونے والی لاش کا نکلا۔ تحقیقات کے مطابق قتل کے بعد مقتول کا سر اور دھڑ الگ الگ مقامات پر پھینکا گیا۔
مقتول محمد یوسف نارتھ ناظم آباد کے ایک کوارٹر میں چار دیگر افراد کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ اس کا تعلق مانسہرہ سے تھا اور وہ تقریباً ایک سال قبل روزگار کی غرض سے کراچی آیا تھا۔
شناخت اور اہل خانہ سے رابطہ
مقتول کے بھائی جنت گل نے لاش اور سر کی شناخت کی۔ پولیس نے مقتول کے اہل خانہ سے رابطہ کرلیا ہے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد قانونی کارروائی کے لیے سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔
مقدمہ درج
نارتھ ناظم آباد بلاک ایل کے قریب ندی سے سرکٹی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مددگار پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ندی کے قریب ایک لاش پڑی ہے۔ پولیس کے پہنچنے پر سرکٹی لاش برآمد ہوئی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں لاش کو چھیپا سرد خانے میں امانتاً رکھا گیا۔
تحقیقات جاری
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے قتل کے بعد لاش کا سر ساتھ لے جا کر علیحدہ مقام پر پھینکا۔ تفتیشی ٹیم نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




























