کراچی: اغوا کی وارداتوں میں ملوث جعلی میجر ساتھیوں سمیت گرفتار

0
81
pakalerts
pakalerts

کراچی: بوٹ بیسن پولیس نے شہر میں جعلی میجر بن کر اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت طلال افسر عرف میجر ظفر اور امام بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان شارٹ ٹرم اغوا اور تاوان وصولی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو 30 بور پستول، ایک گاڑی، چار وائرلیس سیٹ، چار موبائل فون اور تین بلٹ پروف جیکٹس برآمد کی گئی ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے مدعی تاج الدین سے دو اقساط میں 80 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔ ان کے خلاف تھانہ ٹیپو سلطان میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ پہلے سے درج ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق طلال افسر عرف میجر ظفر ماضی میں بھی متعدد جرائم میں ملوث رہا ہے اور اسے اشتہاری ملزم قرار دیا جاچکا ہے۔ اس کے خلاف تھانہ سپر مارکیٹ اور گلشن اقبال میں بھی مقدمات درج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان ایک پیشہ ور جرائم پیشہ گروہ کا حصہ ہیں جو خود کو حساس اداروں کے اہلکار ظاہر کرکے شہریوں کو اغوا کرتے تھے۔

ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جبکہ پولیس کو امید ہے کہ تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔