گھوٹکی: اندرونِ سندھ کے علاقے گھوٹکی میں سابق ایم پی اے اور پیپلز پارٹی کے رہنما سردار شہریار شر اور ان کے بیٹے کے خلاف ایک لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ مقدمہ مبینہ طور پر اغوا ہونے والی لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ اے سیکشن گھوٹکی میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو گزشتہ کئی روز سے ہراساں کیا جارہا تھا، اور اب اسے سردار شہریار شر اور ان کے ساتھیوں نے گھر سے اغوا کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں لائرز پروٹیکشن ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں، اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی رہنما سردار شہریار شر نے اپنے مؤقف میں لڑکی کے اغوا کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کسی کرمنل یا ڈاکو سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق یہ مقدمہ سیاسی انتقام کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش میرٹ پر کی جارہی ہے اور جلد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔




























