کیا غزہ میں امریکی فوج ہو گی؟ نائب صدر کا اہم اعلان

0
78
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

یروشلم: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے واضح کیا ہے کہ غزہ میں امریکی زمینی فوج تعینات کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

اسرائیل کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکی عوام کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ غزہ میں کوئی امریکی فوجی موجود نہیں ہوں گے اور یہ مؤقف امریکی فوجی قیادت کی جانب سے بھی واضح کر دیا گیا ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا کا کردار براہ راست فوجی مداخلت کے بجائے اپنے اتحادیوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور اسرائیل و حماس کے درمیان جنگ بندی کی شرائط طے کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت امریکا ہی وہ ملک ہے جو اسرائیل اور حماس کے تنازع میں حقیقی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ امریکی ایلچی وٹکوف اور کوشنر بین الاقوامی سیکیورٹی فورس کے قیام پر کام کر رہے ہیں تاکہ خطے میں استحکام لایا جا سکے۔

نائب صدر کے مطابق، غزہ کی آئندہ قیادت کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم مستقبل کے لیے ایک لچکدار گورننس ڈھانچہ تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ فلسطینی اور اسرائیلی عوام دونوں کو تحفظ اور استحکام فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال غزہ میں خوراک اور ادویات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ امریکا صرف مفید کوآرڈینیشن اور سفارتی مدد فراہم کرے گا۔