دہشتگردی اور چوری شدہ گاڑیوں کی روک تھام کیلئے قومی شاہراہوں پر ’رئیل ٹائم انٹیلیجنس شیئرنگ‘ کا آغاز ہوگیا

0
44
pakalerts.pk
pakalerts.pk

نیشنل ہائی ویز پر مشتبہ افراد کے داخلے اور دوران سفر مجرمانہ نقل وحرکت پر فوری ایکشن ہوگا، غیرتصدیق شدہ عملے کو موٹروے پر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی

 وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق صوبے کی شاہراہوں پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب پولیس اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان مسافروں کی سیفٹی اور سکیورٹی سے متعلق مشترکہ چیکنگ کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سعد اختر بھروانہ نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں سیفٹی و سکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی فواد الدین قریشی، ڈی آئی جی موٹر ویز سینٹرل زون عمران شاہد، اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی بھی موجود تھے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ دونوں فورسز کے درمیان مشترکہ سیفٹی آپریشنز اور ہاٹ لائن کو فعال کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے کے مخصوص مقامات پر پبلک سروس وہیکلز کی مشترکہ چیکنگ گزشتہ رات سے شروع کر دی گئی ہے۔

اس دوران ڈرائیورز، کنڈیکٹرز اور ہیلپرز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جبکہ غیرتصدیق شدہ عملے کو موٹر وے پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دہشت گردی، سمگلنگ اور چوری شدہ گاڑیوں کی روک تھام کے لیے قومی شاہراہوں پر رئیل ٹائم انٹیلی جنس شیئرنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ دونوں فورسز ہائی ویز کی نگرانی، ڈیٹا شیئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط کریں گی۔

نیشنل ہائی ویز پر مشتبہ افراد کے داخلے اور دوران سفر مجرمانہ نقل و حرکت پر فوری الرٹ جاری ہوگا جبکہ دھند اور تعطیلات کے دوران دونوں فورسز کا مشترکہ ٹریفک مینجمنٹ پلان فعال رہے گا۔قدرتی آفات یا ہائی ویز پر حادثات کی صورت میں پنجاب پولیس اور موٹر وے پولیس مربوط سسٹم کے تحت مشترکہ ریسکیو و ریلیف آپریشن سرانجام دیں گی۔ ایم او یو کے مطابق پنجاب پولیس موٹر وے فینسنگ کی حفاظت کے لیے موٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر پٹرولنگ بھی کرے گی۔