ایرانی حکومت کا اپنے شہریوں کو ماہانہ الاؤنس دینے کا اعلان!

0
36
pakalerts.pk
pakalerts.pk

تہران (5 جنوری 2026): معاشی مسائل میں گھری ایران کی حکومت نے اپنے شہریوں کو ماہانہ الاؤنس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایران جو سخت عالمی پابندیوں کے باعث شدید معاشی بحران کا شکار ہیں اور وہاں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ تاہم اب ایران کی حکومت نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اپنے شہریوں کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی حکومت نے شہریوں کو معاشی دباؤ سے نکالنے کے لیے انہیں ماہانہ الاؤنس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مھاجرانی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر ایک بیان میں کہا کہ ’شہری ہر ماہ 10 لاکھ تومان (تقریباً سات ڈالر) کے برابر رقم وصول کر سکتے ہیں جو چار ماہ کے لیے ان کے اکاؤنٹس میں ڈالی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ رقم ہر ایرانی شہری کو دی جائے گی جس سے وہ ضرورت کا سامان خرید سکتے ہیں اور اس اقدام کا مقصد لوگوں پر سے معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔‘

واضح رہے کہ معاشی بحران کا شکار ایران میں ملک گیر مظاہروں میں اب تک متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ملک میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہو رہی ہے۔

ایران میں سیکیورٹی فورسز سے مظاہرین کی جھڑپیں، 6 افراد جاں بحق

دوسری جانب عالمی پابندیوں کا شکار ایران کی کرنسی اتنی بے قدر ہو گئی ہے کہ وہاں ایک ڈالر کی قیمت 14 لاکھ ایرانی ریال تک جا پہنچی ہے اور دسمبر میں وہاں مہنگائی کی شرح ریکارڈ 52 فیصد ہو چکی ہے۔