کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں پولن الرجی پھیلانے والے جنگلی شہتوت کے درختوں کو کاٹ کر ان کی جگہ مقامی اور ماحول دوست درخت لگانے کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق یہ اقدام سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو پولن الرجی کے مسئلے سے نجات دلائی جا سکے۔
سی ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ جس ٹھیکیدار کو جنگلی شہتوت کے درخت کاٹنے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا، اس نے حد سے تجاوز کرتے ہوئے تین سے چار ایکڑ رقبے پر موجود تمام درخت کاٹ ڈالے۔ ذرائع کے مطابق یہ کٹائی بغیر کسی مارکنگ اور شناخت کے کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک بڑا علاقہ مکمل طور پر درختوں سے خالی ہو گیا۔
واقعے کے بعد سی ڈی اے حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔




























