اسلام آباد (7 جنوری 2026): ملک بھر کے بلڈرز، ڈیولپرز اور ذاتی حیثیت میں گھر تعمیر کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے ریٹیل سطح پر سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سیمنٹ کی فروخت میں اضافے کے باعث خاص طور پر شمالی شہروں میں قیمتیں نیچے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی بوری کی اوسط خوردہ قیمت 1391 روپے سے کم ہو کر 1387 روپے ہو گئی ہے۔ تاہم جنوبی شہروں میں سیمنٹ کی قیمتیں مستحکم رہیں اور اوسط قیمت 1446 روپے پر برقرار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ کمی تعمیراتی شعبے، گھروں کی تعمیر اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز کے لیے مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ سیمنٹ کی مجموعی ترسیل میں 1.47 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 4.347 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ ملکی فروخت 6.42 فیصد اضافے کے ساتھ 3.725 ملین ٹن رہی۔ دوسری جانب برآمدات میں 20.66 فیصد کمی دیکھی گئی اور یہ 621,685 ٹن تک محدود رہیں۔



























