کراچی (07 جنوری 2026): شہر قائد میں یونیورسٹی روڈ پر کے فور آگمنٹیشن منصوبے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروگرام کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ورلڈ بینک کے اعتراضات اور منصوبے کے روٹ میں تبدیلی کے باعث کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کے فور آگمنٹیشن کا آغاز 10 نومبر کو ہوا تھا اور منصوبہ 30 دسمبر تک مکمل ہونا تھا، تاہم ورلڈ بینک نے ماحولیاتی آلودگی اور مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر اعتراض اٹھایا جس کے بعد کام روک دیا گیا۔
منصوبے کے تحت اردو یونیورسٹی سے حسن اسکوائر تک 2.7 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جانی تھی، لیکن اب تک صرف 10 فیصد کام ہی مکمل ہو سکا ہے۔ ڈیزائن میں تبدیلی کے بعد اب صرف وفاقی اردو یونیورسٹی سے حسن اسکوائر تک ایک ٹریک پر لائن بچھائی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ورلڈ بینک کے اعتراضات دور کرنے کے بعد کے فور منصوبے کا کام جلد دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔




























