عوام نے مینڈیٹ کی چوری کیخلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا، تحریک تحفظ آئین پاکستان

0
17
pakalerts.pk
pakalerts.pk

یہ دن پاکستانی قوم کی سیاسی پختگی اور جمہوری شعور کا منہ بولتا ثبوت ہے، آئیے مل کر اس گرتے ہوئے نظام کو آخری دھکا دیں اور حقیقی جمہوریت اور آئینی حکمرانی کی راہ ہموار کریں؛ عوام کے نام پیغام

 تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے 8 فروری الیکشن میں دھاندلی کیخلاف ملک گیر احتجاج سے متعلق عوام کے نام پیغام جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کی طرف سے جاری پیغام میں پوری پاکستانی قوم کو آج 8 فروری کی کامیاب پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال پر خلوصِ دل سے مبارک باد پیش کی گئی، اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج پورے ملک نے تاریخ رقم کی ہے، عوام نے مینڈیٹ کی چوری کے خلاف ملی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے اس جعلی نظام کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ دن پاکستانی قوم کی سیاسی پختگی اور جمہوری شعور کا منہ بولتا ثبوت ہے، اب آگے کی جدوجہد کا وقت ہے کہ مغرب کے بعد ملک بھر میں مشعل بردار ریلیز نکالی جائیں گی، ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اسی جوش و خروش، اسی عزم و استقلال کے ساتھ مشعل بردار ریلیز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اپوزیشن اتحاد نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ یہ مشعلیں نا صرف روشنی کی علامت ہیں بلکہ اس عہد کی علامت ہیں کہ ہم تاریکیوں کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہیں، آئیے مل کر اس گرتے ہوئے نظام کو آخری دھکا دیں اور حقیقی جمہوریت اور آئینی حکمرانی کی راہ ہموار کریں، ہر شہری کو اپنے علاقے کی مشعل بردار ریلی میں شرکت کو یقینی بنانا چاہیئے، ہمارا اتحاد ہی ہماری طاقت ہے۔