میں پیدا پاکستان میں ہوا لیکن زمبابوے کرکٹ کی پیداوار ہوں : سکندر رضا کا مداح کو جواب

0
131
Pakalerts.pk

زمبابوے کے ٹیسٹ کرکٹر سکندر رضا نے اپنے پاکستانی مداح کی فرمائش پر کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کی مدل آرڈر بیٹنگ سنبھالیں، دل کی بات کہہ دی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر پی سی بی سے منسلک سپورٹس صحافی عمر فاروق نے سکندر رضا سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے کبھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلنے کا سوچا ہے؟ اگر آپ قومی کرکٹ ٹیم میں آجائیں تو مڈل آرڈر کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

38 سالہ زمبابوے کے کرکٹر سکندر رضا نے صاف جواب دیا کہ یہ سچ ہے کہ میں پاکستان میں پیدا ہوا ہوں لیکن میں زمبابوے کرکٹ کی ‘پراڈکٹ’ ہوں۔ سکندر رضا نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ نے مجھ پر وقت اور پیسہ خرچ کیا ہے، انہوں نے مجھ پر جو بھروسہ کیا تھا، میں اسے واپس لوٹانے کی کوشش کر رہا ہوں۔

زمبابوین کرکٹر نے لکھا، "میں نے کیریئر میں جو کچھ حاصل کیا ہے، چاہے کچھ بھی کرلوں، شاید کبھی اس چیز کے قریب بھی نہیں آسکوں گا کہ زمبابوے کو اتنا ہی کچھ لوٹا سکوں۔”

یاد رہے کہ پاکستانی نژاد سکندر رضا اس وقت زمبابوین ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان ہیں۔ ماضی میں، یہ آل راؤنڈر کہہ چکے ہیں کہ وہ پاکستان میں پیدا ہوئے، اور ان کے دوست اور رشتے دار پاکستان میں مقیم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان آنا بہت اچھا لگتا ہے۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا کا کہنا تھا کہ ان کا پاکستان سے گہرا تعلق ہے۔ ان کے یہاں دوست اور رشتے دار ہیں، اور دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں، وہ خود کو پاکستانی ہی محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "یہاں آنا اور یہاں کی مٹی سے رشتہ بہت اچھا لگتا ہے۔”