دبئی (9 ستمبر 2025): ایشیا کپ 2025 کا آج سے دبئی میں آغاز ہو گیا، افتتاحی میچ ہانگ کانگ اور افغانستان کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔
ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوئی، جس میں تمام ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کپتانوں نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے، جہاں ان کی باڈی لینگویج اور مسکراہٹیں میڈیا کی توجہ کا مرکز رہیں۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ پاک بھارت میچ کے دوران کھلاڑیوں کو جذباتی رویہ اپنانے سے متعلق کوئی ہدایت دی گئی ہے؟
اس پر سلمان علی آغا نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کسی جارحانہ انداز سے روکنے کی ہدایت نہیں ملی، "ہم اپنی گیم پر توجہ رکھیں گے لیکن فاسٹ بولرز کا جارحانہ انداز برقرار رہے گا۔”
سوریا کمار یادیو نے جواب دیا کہ "پاک بھارت میچ میں جوش فطری ہے لیکن ہم ہر میچ میں فیلڈ پر جارحانہ کھیل دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔”
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے ایک ٹیم کی طرح بہترین پرفارم کیا اور دبئی میں کھیلنے کا تجربہ ایشیا کپ میں بھی کارآمد ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جا رہا ہے۔ اس سے قبل 2016 اور 2022 میں بھی یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی طرز پر ہوا تھا۔